واشنگٹن ١۷ نومبر ﴿ایجنسی /ایس او نیوز﴾امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے صحافی جمال خشوگی کی موت کو لیکر امریکہ کی خفیہ ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ محمد بن سلمان نے صحافی جمال خشوگی کے قتل کے احکامات دئے تھے۔ نا معلوم ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے " واشنگٹن پوسٹ " نے صحافی جمال کے قتل پر ایک رپورٹ بھی شائع کی ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ انٹیلی جینس ایجنسی سی آئی اے نے کئی ثبوتوں اور گواہوں کی مکمل تحقیقات کے بعد اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ ان کے قتل کا حکم محمد بن سلمان نے دیا تھا۔
امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق سی آئی اے نے جمال خاشقجی کے قتل سے قبل اور بعد میں کی جانے والی محمد بن سلمان کی فون کالز اور قتل کے بعد ترکی میں سعودی سفارت خانے میں سعودی ایجنٹس کی کالز کا تجزیہ کرنے کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا ہے۔
سعودی صحافی جمال خاشقجی کو گذشتہ ماہ ترکی کے شہر استنبول میں واقع سعودی سفارت خانے میں قتل کر دیا گیا تھا اور سعودی حکومت کا کہنا تھا کہ اس میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان ملوث نہیں ہیں۔
مبینہ طور پر 15 سعودی ایجنٹس اکتوبر میں ایک سرکاری طیارے میں استنبول پہنچے تھے اور انھوں نے سعودی قونصل خانے میں جمال خاشقجی کا قتل کیا تھا، جہاں وہ کچھ دستاویزات لینے آئے تھے۔